ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے نئے اور شدید سلسلے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق آج سے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق 17 اگست سے خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں داخل ہوں گی جو مغربی ہواؤں کے ساتھ مل کر ایک طاقتور سسٹم بنائیں گی، جس کے نتیجے میں 18 سے 21 اگست تک کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، سکھر اور دیگر علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔