یومِ آزادی پر معرکۂ حق کے ہیروز کو اعلیٰ اعزازات

اسلام آباد (رم نیوز)ایوانِ صدر میں یومِ آزادی پر معرکۂ حق کے ہیروز کو اعلیٰ قومی اعزازات دیے گئے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تقریب کی صدارت کی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، عسکری قیادت اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو معرکۂ حق میں مشکل ترین حالات میں جرات مندانہ قیادت، جنگی مہارت اور غیر متزلزل حب الوطنی کے اعتراف میں ہلالِ جرأت عطا کیا گیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو فضائی محاذ پر دشمن کی برتری ختم کرنے پر ہلالِ جرأت ملا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اور کئی دیگر شخصیات کو نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔

سفارتی محاذ پر نمایاں خدمات پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور دیگر کو اعزازات دیے گئے۔ وزیراعظم کے تشکیل کردہ خصوصی سفارتی وفد—جس میں سینیٹر شیری رحمان، فیصل سبزواری، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر خان، بشریٰ انجم، عمر فاروق، جلیل عباس جیلانی، مصدق ملک اور طارق فاطمی شامل تھے کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔

"پاک فضائیہ کے پائلٹس کو ستارۂ جرأت، جبکہ چار شہداء کو بعد از شہادت تمغۂ جرأت اور ستارۂ بسالت عطا کیا گیا۔اعزازات پانے والوں میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی شامل تھے، جنہیں تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قومی پرچم کی سربلندی اور پاکستان کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔