گلگت/مظفرآباد (رم نیوز)گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور گلیشیئر پھٹنے کے باعث مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہو گئے۔ غذر کے گاؤں خلتی میں 8، دیامر میں 2 اور مظفرآباد کی تحصیل نصیرآباد میں بادل پھٹنے سے 7 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد شامل ہیں۔
ہنزہ، نگر، سکردو اور وادی نیلم میں درجنوں گھر، پل اور سڑکیں تباہ، جبکہ کئی افراد لاپتہ ہیں۔ رتی گلی میں پھنسے 100 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا، باقی کو نکالنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، جبکہ ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔