نیویارک (رم نیوز)پاکستان اور مغربی بحرالکاہل کے جزیرہ نما ملک وفاقی ریاست مائکرونیشیا کے درمیان باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم ہو گئے ہیں۔یہ معاہدہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ میں ہوا، جہاں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور مائکرونیشیا کے مستقل مندوب سفیر جیم ایس لپوے نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
تقریب میں پاکستان کے نائب مندوب سفیر عثمان جدون سمیت دونوں ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔سفیر عاصم افتخار نے اس موقع کو پاکستان کے یومِ آزادی کے ساتھ جڑنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تعلقات انسانی وسائل، ماحولیاتی تبدیلی اور استعداد کار بڑھانے جیسے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان وہ 100 واں ملک ہے جس کے ساتھ مائکرونیشیا نے تعلقات قائم کیے ہیں۔
سفیر جیم ایس لپوے نے دوطرفہ تعلقات کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ دوستی اور شراکت داری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔
تقریب سے قبل دونوں مندوبین کے درمیان ایک مختصر ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعاون اور اقوام متحدہ کے فورمز پر شراکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔