امریکہ کی پاک بھارت جنگ بندی پر کڑی نظر، امن کو ترجیح قرار دے دیا: مارکو روبیو

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے عمل پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا آسان نہیں، یہ ایک پیچیدہ اور مسلسل چیلنجنگ عمل ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کے ان علاقوں پر گہری نظر رکھتا ہے جہاں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق جنگ بندی اسی صورت میں برقرار رہ سکتی ہے جب دونوں فریق اس پر رضامند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ "ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھتے ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ کشیدگی کو روکا جا سکے۔

روبیو نے واضح کیا کہ امریکہ کا مقصد صرف وقتی جنگ بندی نہیں بلکہ ایک پائیدار امن معاہدہ ہے، تاکہ مستقبل میں بھی جنگ کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہو جائے۔ انہوں نے یوکرین کی طویل جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو آج ایک ایسے عالمی نظام کی ضرورت ہے جہاں مستقل امن ممکن ہو۔

امریکی وزیر خارجہ نے اس موقع پر امریکی صدر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے صدر نے عالمی امن کو اپنی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح بنایا ہے۔" انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا، تھائی لینڈ، پاکستان اور بھارت جیسے علاقوں میں امن کی کوششیں جاری ہیں اور امریکا ہر موقع سے فائدہ اٹھا کر دنیا کو ایک محفوظ تر مقام بنانے کے لیے کوشاں ہے۔