کراچی میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، متعدد علاقے زیرِ آب، بجلی کی فراہمی معطل

کراچی(رم نیوز) شہرِ قائد میں صبح سویرے موسلادھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، تاہم کئی علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم سندھ کے مختلف حصوں پر تاحال موجود ہے، جس کے تحت کراچی میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری تھی جو آج صبح تیز بارش میں تبدیل ہو گئی۔

شہر کے مختلف علاقوں جن میں طارق روڈ، عزیز آباد، شارعِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ایئرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، اور کورنگی شامل ہیں، تیز بارش کے ساتھ گرج چمک بھی ریکارڈ کی گئی۔

دیگر علاقوں جیسے گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ بعض علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور موٹر سائیکلیں بند ہونے کے واقعات بھی پیش آئے۔

بارش کے باعث کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔