بلوچستان میں شدید بارشوں سے تباہی، دو افراد جاں بحق، 115 مکانات کو نقصان، سڑکیں اور پل متاثر

کوئٹہ (رم نیوز)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ بارشوں کے نتیجے میں چھت گرنے اور سیلابی ریلوں سے دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد مکانات، سڑکیں اور پل متاثر ہوئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق زیارت، خضدار، سوراب، جھل مگسی، ہرنائی اور قلات میں شدید بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں ہرنائی کے علاقے گوچینہ میں ایک خاتون اور بچے کی جان چلی گئی۔ چھت گرنے سے ایک خاتون زخمی بھی ہوئی ہے۔سیلابی ریلے کے باعث گوچینہ میں 3 افراد بہہ گئے جن میں سے 2 کو ریسکیو کر لیا گیا، جبکہ ایک بچے کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سوراب کے مختلف علاقوں میں 115 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جب کہ کچھی میں بارش کے بعد کوئٹہ-سبی شاہراہ بند ہو گئی ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بتایا ہے کہ بولان ندی میں طغیانی کے باعث بی بی نانی پل کو شدید نقصان پہنچا ہے،سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈیرہ بگٹی میں ایف سی کے اہلکار بارش کے دوران شہریوں کی مدد کے لیے پیش پیش رہے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران خضدار، آواران، لسبیلہ، پسنی، گوادر، پنجگور، کیچ، شیرانی، پشین، قلعہ عبداللہ، نصیر آباد، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، ژوب، موسیٰ خیل، مستونگ، لورالائی اور کوہلو سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔