راولپنڈی(رم نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی جبکہ سلمان اکرم راجا اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع دے دی گئی۔عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اکتوبر اور 26 نومبر کے احتجاجی مقدمات کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے مؤقف اپنایا کہ عالیہ حمزہ تفتیشی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں اور وہ پہلے بھی ضمانت خارج ہونے کے بعد دوبارہ عبوری ضمانت حاصل کر چکی ہیں۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کی ضمانت عدم حاضری اور عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی۔اعظم سواتی کے وکیل نے عدم حاضری کی درخواست دی کہ ان کے مؤکل پشاور ہائی کورٹ میں پیشی پر ہیں، جس پر عدالت نے ان کی ضمانت میں 27 اگست تک توسیع کر دی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا خود عدالت میں پیش ہوئے، جن کی عبوری ضمانت میں عدالت نے 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔