پاکستان سپیکٹرم کی کمی کا شکار، پی ٹی اے نے فائیو جی نیلامی کو ضروری قرار دیا

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں سپیکٹرم کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کو ضروری قرار دیا ہے تاکہ موبائل فون سروسز کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ پی ٹی اے کے مطابق پاکستان میں دستیاب سپیکٹرم صرف 274 میگا ہرٹز ہے، جو سعودی عرب، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور دیگر خطی ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان اس وقت خطے کے 16 ممالک میں سپیکٹرم کی کمی کے حوالے سے سب سے نیچے ہے، لیکن فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے بعد یہ رینکنگ میں چھٹے نمبر تک پہنچ سکتا ہے۔ اسپیکٹرم کی دستیابی سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، جن میں جی ڈی پی میں 1.5 سے 2.4 فیصد اضافہ، روزگار کے مواقع میں 3.1 سے 13 فیصد تک بہتری، اور موبائل براڈ بینڈ کی ترقی شامل ہے۔

پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی نہ صرف صارفین کے لیے موبائل ڈیٹا کی رفتار اور سروس کے معیار کو بہتر بنائے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی مستحکم کرے گی۔