لاہور (رم نیوز)دریائے راوی، ستلج اور چناب میں شدید طغیانی اور طوفانی بارشوں نے پنجاب کے متعدد اضلاع کو لپیٹ میں لے لیا، 4000 سے زائد دیہات زیر آب آگئے، 38 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور 13 لاکھ ایکڑ فصلیں تباہ ہوگئیں۔
ریلیف کمشنر کے مطابق اب تک 18 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ مختلف حادثات میں 46 شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ گجرات میں 577 ملی میٹر بارش سے اربن فلڈنگ نے زندگی مفلوج کر دی، قصور میں دریائے ستلج کا 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک ریلا 100 سے زائد دیہات بہا لے گیا۔حافظ آباد میں مچھلی فارم، وہاڑی اور لودھراں میں سرکاری سکول، جبکہ خانیوال، جھنگ اور چنیوٹ میں سینکڑوں بستیاں زیر آب آچکی ہیں۔ فوج اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق اگلے چند دن انتہائی نازک ہیں، 9 لاکھ کیوسک کا نیا ریلا 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب سندھ میں داخل ہوگا۔