سیلاب سے بھارتی بارڈر فینس متاثر، 90 بارڈر پوسٹیں زیر آب

لاہور(رم نیوز) شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بھارت کی سرحد پر لگائی گئی باڑ کو نقصان پہنچا ہے۔ تقریباً 110 کلو میٹر لمبی بارڈر فینس متاثر ہوئی جبکہ بارڈر سیکیورٹی فورس کی 90 پوسٹیں ڈوب گئیں۔

بھارتی پنجاب اور مقبوضہ جموں میں باڑ کئی مقامات پر اکھڑ گئی یا پانی میں ڈوب گئی، متاثرہ دیہات میں 60 ہزار سے زائد افراد مشکلات کا شکار ہیں۔ فیروزپور اور فاضلکا اضلاع کے 188 دیہات پانی میں گھر گئے جبکہ کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

پاک-بھارت بارڈر کے قریب پاکستانی دیہات کے مکینوں نے بھی فینس کے ٹوٹنے کی تصدیق کی ہے۔ ادھر دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث گنڈا سنگھ اور حسینی والا بارڈر بھی پانی میں ڈوب گئے، جس پر پرچم اتارنے کی تقریب غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔