کراچی میں موسلا دھار بارش سے شہری زندگی متاثر، نشیبی علاقے زیرِ آب

کراچی(رم نیوز)کراچی میں وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش نے شہر بھر میں نظامِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جبکہ نشیبی علاقوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سرجانی ٹاؤن، ناگن چورنگی، ایوب گوٹھ اور لاسی گوٹھ سمیت کئی مقامات پر ملیر ندی اوور فلو کر گئی، جس سے قریبی آبادیوں میں پانی بھر گیا۔ تھڈو ڈیم کے لبریز ہونے کے بعد لیاری اور ملیر ندیاں بپھر گئیں، جس کا پانی موٹروے ایم 9 سے ٹکرا گیا اور حیدرآباد جانے والا ٹریک زیرِ آب آ گیا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ریسکیو اداروں نے سہراب گوٹھ، حسن منان کالونی اور گلشن اقبال میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔