ایشیا کپ کا بڑا معرکہ آج: پاکستان اور بھارت دبئی میں آمنے سامنے

دبئی(رم نیوز)ایشیا کپ ٹی 20 کے سب سے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج شام ساڑھے 7 بجے دبئی میں ٹکرائیں گی۔ رواں سال جنگ کے بعد دونوں روایتی حریف پہلی بار میدان میں آمنے آ رہے ہیں، جبکہ چھ ماہ کے دوران یہ دوسری براہِ راست ٹکر ہے۔

پاکستانی شائقین کی نظریں فخر زمان، صائم ایوب، سلمان آغا اور حارث پر ہیں، جبکہ بھارت شبمن گل، سوریا کمار یادیو اور جسپریت بمراہ پر بھروسہ کر رہا ہے۔ حالیہ کارکردگی میں دونوں ٹیمیں شاندار فارم میں ہیں، بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر تین ملکی سیریز جیتی۔

ایشیا کپ کے ریکارڈ میں بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے، بھارت نے اب تک کھیلے گئے 19 میچوں میں سے 10 جیتے ہیں جبکہ پاکستان نے 6 میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے آخری بار بھارت کو 2022 میں ایشیا کپ میں ہرایا تھا۔

قومی بیٹر صائم ایوب نے دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم بڑے میچ کے لیے پرجوش ہے اور امید ہے ہر کھلاڑی جیت میں کردار ادا کرے گا۔