لاہور/ملتان (رم نیوز)پنجاب میں سیلابی صورتحال مزید بگڑ گئی، ملتان، رحیم یار خان، راجن پور اور وہاڑی کے سیکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے۔ فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے چناب میں پنجند کے مقام پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ آئندہ 48 گھنٹوں میں گڈو بیراج پر بھی بلند درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
صوبے میں سیلاب سے اموات 100 سے زائد ہوچکی ہیں، تقریباً 45 لاکھ افراد متاثر ہیں اور لاکھوں ایکڑ فصلیں تباہ ہو گئیں۔ اوچ شریف، احمد پور شرقیہ، مظفرگڑھ اور علی پور سمیت متعدد علاقوں میں مکانات منہدم اور دیہات کا زمینی رابطہ کٹ گیا۔
متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن اور ریلیف کی سرگرمیاں جاری ہیں، انتظامیہ کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں جبکہ ڈرونز اور کشتیاں ریسکیو مشن میں استعمال ہو رہی ہیں۔
سندھ میں بھی دریائے سندھ کے کنارے بستیاں زیر آب آ گئی ہیں اور کنڈیارو میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔ حکام نے گڈو بیراج پر 15 ستمبر تک اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔