پنجاب میں مون سون کے 11ویں سپیل کا الرٹ، 16 ستمبر سے بارشوں کی پیشگوئی

لاہور( رم نیوز)پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مون سون بارشوں کے 11ویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور مزید سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 104 تک پہنچ چکی ہیں، 45 لاکھ سے زائد افراد اور ہزاروں دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج کے ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق متاثرہ علاقوں سے اب تک 25 لاکھ افراد اور 20 لاکھ سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں، 392 ریلیف کیمپس اور سیکڑوں میڈیکل و ویٹرنری کیمپس قائم ہیں۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دریاؤں کے کناروں پر جانے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔