موسمیاتی و زرعی ایمرجنسی کے تحت جو کرنا پڑا کریں گے: وزیر خزانہ

کمالیہ(رم نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اس کے تحت جو اقدامات ضروری ہوئے وہ کیے جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، اور اس وقت سب سے اہم چیز متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی ہے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور آئندہ سال پہلے سے تیاری کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے اگست کے بجلی بل معاف کر دیے گئے ہیں جبکہ ادا کیے گئے بل آئندہ ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا نہیں ہونے دی جائے گی، آئی ایم ایف ٹیم سے بھی متاثرین کی بحالی پر بات ہوگی۔