تہران (رم نیوز)ایران نے مسلمان ممالک سے اسرائیل کے خلاف مشترکہ آپریشن روم بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا کہ صرف تقاریر پر مشتمل اجلاسوں سے اسرائیلی حکومت کا کچھ نہیں بگڑے گا، اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کو اسرائیل کی جنونی حکومت کے خلاف مشترکہ آپریشن روم قائم کرنا چاہیے، جو صیہونی حکومت کے سرپستوں کو پریشان کرنے کے لیے کافی ثابت ہوگا۔
علی لاریجانی نے مزید کہا کہ اگر مسلمان ممالک نے فلسطین کے مظلوموں کے لیے کچھ نہیں کیا، تو کم از کم اپنے بچاؤ کے لیے کوئی فیصلہ کر لیں۔اس بیان کے بعد، پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دوحہ میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں اسرائیل کے توسیع پسندانہ منصوبوں کو روکنے کے لیے عرب اسلامی ٹاسک فورس قائم کرنے کی تجویز دی تھی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل عالمی امن کے لیے مستقل خطرہ بن چکا ہے اور پاکستان نے قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی۔