کراچی: ایک گھنٹے میں تین ٹریفک حادثات، خاتون سمیت چار افراد جاں بحق

کراچی (رم نیوز)کراچی میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا، صرف ایک گھنٹے کے دوران پیش آنے والے تین مختلف حادثات میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق پہلا حادثہ لانڈھی ہسپتال چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں ماں رئیسہ اور بیٹا ارمان موقع پر ہی جاں بحق، جبکہ دوسرا بیٹا حسنین زخمی ہو گیا۔

دوسرا واقعہ ناردرن بائی پاس پر پیش آیا، جہاں ڈمپر کی ٹکر سے شہباز نامی نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی داؤد زخمی ہو گیا۔تیسرا حادثہ ڈیفنس فیز 8 کے علاقے کریک ویسٹا کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں یار جان نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق تینوں حادثات کی تفتیش جاری ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔