دوحہ(رم نیوز)عرب و اسلامی سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ مسلم ممالک نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جوابی اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ قطر کے خلاف اسرائیل کی جارحیت خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے اور مزید دھمکیوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔ اجلاس نے قطر کے صبر و تحمل اور دانشمندانہ مؤقف کو سراہا اور غزہ میں جنگ بندی کیلئے قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی کوششوں کی حمایت کی۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں نے زور دیا کہ اسرائیل نے تمام ریڈ لائنز عبور کرلی ہیں، اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر جوابدہ ٹھہرانا ہوگا اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ اسرائیل نے قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور امن عمل کو سبوتاژ کیا، جبکہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔