جنیوا(رم نیوز)اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس آج جنیوا میں منعقد ہو رہا ہے، جسے پاکستان اور کویت کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
اسرائیل نے کونسل کے اس اجلاس کو "مضحکہ خیز" قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس کا کوئی بھی ممکنہ نتیجہ انسانی حقوق کے عالمی نظام کے لیے ایک "دھبہ" ہوگا۔واضح رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے دوحہ میں حماس رہنماؤں کے ایک اجلاس کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا تھا، جس میں حماس کے 6 ارکان شہید ہوئے تھے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق حماس کی اعلیٰ قیادت حملے میں محفوظ رہی۔
حماس ذرائع کے مطابق حملے کے وقت تنظیم کے اعلیٰ رہنما ایک اہم اجلاس میں شریک تھے، جس میں امریکی صدر کی جانب سے پیش کی گئی غزہ میں جنگ بندی کی تجویز پر غور کیا جا رہا تھا۔اجلاس میں عالمی برادری کی جانب سے ممکنہ ردعمل اور اسرائیلی اقدام پر قانونی و اخلاقی نکات زیر بحث آنے کا امکان ہے۔