واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر امریکہ کا قریبی اتحادی ہے اور انہیں یقین ہے کہ اسرائیل دوحہ پر دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں قیام امن کے لیے ان کی حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئیں، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ "مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں پر مجھے ایوارڈز ملنے چاہئیں"۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ جمعہ کے روز چینی صدر سے اہم گفتگو کریں گے۔
عالمی امور پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ ان کے حکم پر امریکی افواج نے وینزویلا میں دوسرا فضائی حملہ کیا ہے، جس میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ ان کے مطابق اس کارروائی میں امریکی فوج کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنوبی امریکہ سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ڈرگ کارٹلز امریکا کی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور مفادات کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔