عمران خان ڈیل نہیں کریں گے، باعزت انداز میں واپس آئیں گے: سلمان اکرم راجہ

لاہور(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور وہ سر اٹھا کر باعزت انداز میں واپس آئیں گے۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں شفافیت کے شدید فقدان نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق کامن ویلتھ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 90 سے 95 حلقوں میں فارم 45 اور 46 میں واضح فرق موجود ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انتخابات میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی ہیرا پھیری برسرِ اقتدار جماعت کے حق میں کی گئی، جو جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آئین میں کی گئی غیر قانونی ترامیم کو واپس لیا جائے گا، کیونکہ ان کے مطابق یہ ترامیم نہ صرف غیر آئینی ہیں بلکہ ملکی وقار کے خلاف بھی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان کو مفلوج اور عدالتی نظام کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جو جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔

اسمبلی میں موجودگی کے حوالے سے سوال پر سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی کے بانی عمران خان ہی کریں گے۔