کراچی(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے لیے آئندہ چند روز کے موسم سے متعلق پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض اوقات ہلکی بارش یا پھوار پڑ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کے باعث آج کا دن جزوی طور پر ابرآلود گزر سکتا ہے۔ آئندہ چند روز کے دوران بالخصوص صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی یا پھوار کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد تک پہنچ گیا، جس کے باعث حبس کی کیفیت محسوس کی گئی۔
یاد رہے کہ 12 ستمبر (جمعہ) کو بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد شہر کا موسم گرم اور خشک ہو گیا تھا، اور اگلے دو روز تک دن بھر تیز دھوپ رہی۔ تاہم 15 ستمبر (پیر) کو موسم میں اچانک تبدیلی دیکھی گئی، مطلع دن بھر ابر آلود رہا اور مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار ریکارڈ کی گئی۔