گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، سندھ حکومت کی عوام سے مکمل حمایت

کراچی (رم نیوز)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کی صورت میں سندھ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور کسی بھی حالت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔شرجیل میمن نے بتایا کہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ان کے کھانے، پینے، علاج معالجہ اور جانوروں کی دیکھ بھال کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کے تمام ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 624,456 کیوسک اور اخراج 594,936 کیوسک، جبکہ سکھر بیراج پر آمد 560,890 کیوسک اور اخراج 508,830 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد 284,325 کیوسک اور اخراج 273,170 کیوسک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3,522 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والوں کی کل تعداد 1,73,027 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 469 افراد ریلیف کیمپس میں قیام پذیر ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں 183 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سینٹرز فعال ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4,174 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ اب تک 92,958 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ لائیو سٹاک کے تحفظ کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3,192 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں، جب کہ اب تک 4,50,571 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ 39,589 مویشیوں کو ویکسین اور طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور مجموعی طور پر 13,05,573 مویشیوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔