اسرائیل امن نہیں چاہتا، عالمی برادری راستہ روکے: اسحاق ڈار

اسلام آباد(رم نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے قطر پر اسرائیلی حملے کو ناقابل قبول اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل لبنان، شام اور اب قطر پر حملہ کر کے واضح کر چکا ہے کہ وہ امن نہیں چاہتا، دنیا کو اس کا راستہ روکنا ہوگا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ صرف مذمت کافی نہیں، عالمی برادری کو واضح اور مؤثر ردعمل دینا ہوگا۔

انہوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی بند کی جائے اور فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔ پاکستان امت مسلمہ کے ساتھ ہے اور ہر سطح پر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم نہیں کیا جا سکتا، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی ہے لیکن کسی سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گا۔