پارٹی کے 17 ارکان کے پارلیمانی کمیٹیوں سے استعفے میرے پاس جمع ہو چکے ہیں: سینیٹر علی ظفر

اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ پارٹی کے 17 ارکان کے پارلیمانی کمیٹیوں سے استعفے ان کے پاس جمع ہو چکے ہیں، جو آج باضابطہ طور پر جمع کرا دیے جائیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اعظم سواتی، ڈاکٹر زرقہ سہروردی، عون عباس بپی سمیت کئی سینیٹرز کے استعفے جمع کرائے جا رہے ہیں جبکہ محسن عزیز، فیصل جاوید، مشعال یوسفزئی، فلک ناز اور دیگر کے استعفے بھی ان کے پاس موجود ہیں۔

سینیٹر علی ظفر کے مطابق فوزیہ ارشد، ڈاکٹر ہمایوں مہمند، نور الحق قادری، ذیشان خانزادہ اور علامہ ناصر عباس کے استعفے بھی آج جمع کرا دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دوست محمد خان، روبینہ ناز اور سیف اللہ نیازی کے استعفے بھی تیار ہیں۔


انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر یہ اقدام احتجاج کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہمارے بغیر بھی کمیٹیاں اپنا کام جاری رکھ سکتی ہیں، لیکن ہم ان کا حصہ نہیں بنیں گے۔