اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر ایسے عناصر موجود ہیں جو اپنے بیانیے کے ذریعے جماعت کو کمزور کر رہے ہیں۔داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے سب سے زیادہ کوشش انہوں نے کی ہے اور زندگی کا کوئی دن ایسا نہیں گزرا جس میں اس مقصد کے لیے جدوجہد نہ کی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بانی کی بات کو فالو کرتے ہیں، باقی کسی کے ذاتی بیانیے سے ہمارا تعلق نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی کا ٹوئٹر وہی لوگ چلا رہے ہیں جنہیں بانی نے خود اجازت دی ہے، پی ٹی آئی ہینڈلرز ہم ہیں اور بانی کو جواب دہ ہیں، کسی فرد کے ذاتی مؤقف کی ذمہ داری ہم پر نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی سے ملاقات نہ ہونے کے باعث کنفیوژن اور مسائل بڑھتے ہیں، اسی وجہ سے بعض وضاحتیں دینا پڑتی ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی بار بار کہہ چکے ہیں کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، بات اسی سے ہوگی جس کے پاس اختیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات کی وجہ سے بانی سے ملاقاتیں روکی جاتی ہیں، سینیٹ انتخابات میں نامزدگیوں اور دیگر تنازعات کے ذریعے پراپیگنڈہ جاری ہے، کچھ لوگ ایجنڈا چلا کر پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ 27 تاریخ کو کے پی میں بڑا جلسہ ہوگا، عوامی پیغام پہنچانا ضروری ہے، ہمارا مقصد متحد ہو کر ملک اور آئین کا تحفظ کرنا ہے۔