اسلام آباد (رم نیوز)چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے، جس میں انہیں عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
اپیل انٹرا کورٹ اپیل آرڈیننس 1972ء کے تحت دائر کی گئی ہے۔ اپیل کنندہ کا مؤقف ہے کہ وہ قانونی طور پر پی ٹی اے کے چیئرمین تعینات ہیں۔ پہلے 24 مئی 2023 کو انہیں ممبر (انتظامیہ) مقرر کیا گیا اور اگلے روز 25 مئی 2023 کو چیئرمین کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی اے اپنے فرائض قوانین و ضوابط کے مطابق انجام دے رہے ہیں اور یہ اپیل ان کی تعیناتی کی قانونی حیثیت کو ثابت کرنے کے لیے دائر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے آج محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اپیل میں فیصلے کو فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔