دبئی(رم نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی درخواست پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، ایشیا کپ میں میچ ریفری کے معاملے کو حل کرلیا گیا ہے، اور پاکستان کل شیڈول کے مطابق یو اے ای کے خلاف اپنا میچ کھیلے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں میچ ریفری کے رویے پر سخت اعتراض اٹھایا تھا اور بائیکاٹ کا اعلان کیاتھا۔ 14 ستمبر کو پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے موقع پر اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر ہاتھ ملانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس سے قبل، انہوں نے پاکستان کے میڈیا منیجر سے کہا تھا کہ یہ تمام باتیں ریکارڈ نہ کی جائیں۔
میچ کے بعد، پاکستان کے میڈیا منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے اس معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اینڈریو رسل کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی کرکٹ بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور یہ ہدایات دراصل بھارتی حکومت کی طرف سے آئی تھیں۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے سے انکار کردیا تھا۔