بنوں اور کرک میں دہشت گردوں کے حملے ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی

بنوں / کرک(رم نیوز)خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس تنصیبات پر حملوں کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، جبکہ 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، بنوں میں دہشت گردوں نے پہلے میریان تھانے کو نشانہ بنایا، جہاں پولیس نے صرف 20 منٹ میں حملہ ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد مزنگ چوکی پر درجنوں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔ زخمی اور ہلاک دہشت گردوں کو ان کے ساتھی موقع سے فرار کروانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کارروائی میں 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب کرک کے علاقے گرگری میں بھی دہشت گردوں نے تھانے پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی سخت نگرانی اور فوری ردعمل کے باعث حملہ آوروں کو تھانے کے قریب بھی نہ آنے دیا گیا۔ ڈی پی او کرک کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی نے ممکنہ بڑے نقصان کو ٹال دیا۔

ادھر بلوچستان کے ضلع شیرانی میں رات گئے دہشت گردوں نے پولیس لائنز اور ملحقہ لیویز تھانے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں لیویز فورس کے 3 اہلکار اور کانسٹیبلری کا ایک اہلکار شہید ہوگیا، جبکہ 6 دیگر اہلکار شدید زخمی ہوئے۔