اسلام آبادـ(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصانات، فصلوں اور مویشیوں کے نقصان کا تفصیلی تخمینہ لگانے کی ہدایت جاری کر دی ہے، تاکہ متاثرین کی جلد بحالی کے لیے مؤثر لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت سیلابی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء، صوبائی چیف سیکرٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے تمام صوبوں اور وفاقی و بین الصوبائی اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جامع اور مشترکہ تخمینہ لگایا جائے۔فصلوں اور لائیو اسٹاک کے نقصانات کو بھی تخمینے میں شامل کیا جائے۔سپارکو سے سیٹلائٹ اسسمنٹ کے ذریعے بھی مدد لی جائے۔متاثرہ علاقوں میں مواصلات کے نظام کی بحالی اور سڑکوں کی مرمت کو ترجیح دی جائے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ سیلاب کے بعد فصلوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے اور متبادل فصلوں کی کاشت کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ وزراء اور اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرین کے ساتھ میدان میں موجود رہیں اور بحالی کے ہر مرحلے میں عوام کا ساتھ دیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر حکام کی جانب سے اب تک کی تعمیر و بحالی کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔حکام نے بتایا کہ گنے، کپاس اور چاول کی فصلوں کے نقصان کے ابتدائی تخمینے پر کام جاری ہے، جو آئندہ 10 سے 15 دنوں میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز احد چیمہ بھی شریک تھے۔