ایبٹ آباد(رم نیوز)ملک بھر میں مون سون کے 11ویں سپیل کا آغاز ہوگیا، ایبٹ آباد اور گردونواح میں طوفانی بارشوں کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوگئے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہو گئیں۔ ایبٹ آباد کے علاقے توحید آباد، چھانگا گلی، ایوبیہ اور دیگر مقامات پر شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ متعدد سڑکیں ملبے تلے دب گئیں، جنہیں ہیوی مشینری کی مدد سے کلیئر کرنے کا کام جاری ہے۔
ادھر چترال میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جہاں کئی اہم شاہراہیں مختلف مقامات پر بند ہوگئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ راستوں سے ملبہ ہٹانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
کراچی میں بھی موسم نے کروٹ بدلی، شارع فیصل، گلشنِ اقبال اور ڈرگ روڈ پر ہلکی بوندا باندی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 19 ستمبر تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارشیں متوقع ہیں، جس سے بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔