ملتان (رم نیوز)سیلابی ریلوں کے باعث ملتان میں 36 انچ قطر کی گیس پائپ لائن متاثر ہو گئی جبکہ جلال پور پیر والا کے مقام پر ایم 5 موٹر وے پانچویں روز بھی بند ہے۔چناب اور ستلج میں آنے والے ریلوں نے موٹر وے کو مجموعی طور پر پانچ مقامات سے متاثر کیا۔ تیز پانی کے بہاؤ کے باعث مرمت کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم مزید نقصان سے بچاؤ کے لیے اطراف میں پتھر ڈالنے کا عمل جاری ہے۔
متاثرہ گیس پائپ لائن کی سپلائی منقطع کر دی گئی ہے، تاہم متوازی لائنوں سے گیس کی فراہمی جاری ہے۔ دوسری جانب چناب میں پانی کے بہاؤ میں واضح کمی آئی ہے اور شجاع آباد کے بیشتر علاقوں سے پانی اتر چکا ہے۔جلال پور پیر والا شہر کو بچانے والے بند پر بھی پانی کی سطح میں کمی دیکھی گئی ہے، جبکہ بستی دوھوندو کے مقام پر بند میں شگاف کو پُر کرنے کا کام جاری ہے۔