کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب، گڈو اور سکھر میں اونچے درجے کی صورتحال برقرار

کراچی / بہاولپور(رم نیوز)فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) کے مطابق گڈو اور سکھر بیراج پر آئندہ 36 گھنٹوں تک اونچے درجے کا سیلاب برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ کوٹری بیراج میں پانی کی سطح اب درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ گئی ہے کیونکہ بہاؤ بتدریج نچلی سطح کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ادھر دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد بہاولپور کی دریائی تحصیلوں میں پانی کی سطح کم ہونے لگی ہے، تاہم کئی علاقوں میں اب بھی کئی فٹ پانی موجود ہے۔اوچ شریف، تحصیل خیرپور ٹامیوالی اور تحصیل صدر بہاولپور کی درجنوں بستیاں بدستور زیرِ آب ہیں۔ قادر آباد کے علاقے میں ایک سرکاری سکول کی عمارت میں تاحال 5 فٹ پانی بھرا ہوا ہے۔

متاثرہ علاقوں سے سیکڑوں افراد کو ریلیف کیمپس منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ سیلاب میں پھنسے افراد کو کشتیوں کے ذریعے خوراک اور دیگر امداد فراہم کی جا رہی ہے۔