وزیراعظم شہباز شریف کا برطانیہ کا دورہ مکمل، آج امریکہ روانہ ہوں گے

لندن (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا برطانیہ کا 4 روزہ دورہ مکمل ہوگیا، اور وہ آج لندن سے امریکہ روانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم کا قیام 26 ستمبر تک امریکہ میں رہے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں وزیراعظم عالمی امن و سلامتی اور خطے کے اہم مسائل پر گفتگو کریں گے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ عالمی برادری کو غزہ کے بحران، کلائمیٹ چینج، دہشت گردی اور اسلاموفوبیا جیسے مسائل پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

لندن میں اوورسیز پاکستانیز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے عالمی سطح پر ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس برس اوورسیز پاکستانیوں نے 48 ارب ڈالر پاکستان بھیجے ہیں۔

وزیراعظم نے بھارت سے کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے امن اور برابری کی بنیاد پر بات چیت کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ سیز فائر کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی ضرورت ہے۔