اسلام آباد(رم نیوزز)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف آج نیویارک پہنچیں گے اور 22 سے 26 ستمبر تک جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
نیویارک پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ، سفیر عاصم افتخار احمد، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور دیگر سینیئر حکام نے کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر دلائیں گے، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی بحران کو اجاگر کریں گے۔ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا شیڈول خاصا مصروف ہے، وہ وزیراعظم کے ساتھ اہم اجلاسوں میں شریک ہونے کے علاوہ متعدد وزارتی اور اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں بھی حصہ لیں گے، جن میں درجن سے زائد دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔