بھارت نے پاکستان پر ایک اور حملے کا اشارہ دے دیا، راج ناتھ سنگھ کی دھمکیاں

نئی دہلی(رم نیوز)بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک اور حملے کا اشارہ دے دیا ہے، جب بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کو نام نہاد فوجی کارروائیوں کی دھمکیاں دیں۔ راج ناتھ سنگھ نے حالیہ "آپریشن سندور" کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا "پارٹ ون" یا "پارٹ ٹو" بھی ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد، بھارت نے 7 مئی کو اپنے جدید رافیل طیاروں کے ساتھ پاکستان پر حملہ کیا تھا۔ تاہم پاکستان کی فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 6 رافیل طیارے اور ایک اسرائیلی ساختہ ڈرون مار گرایا تھا، اور بھارت کے کئی اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا تھا، جس میں ایس-400 فضائی دفاعی نظام بھی شامل تھا۔

پاکستان نے اس جوابی کارروائی کو "آپریشن بنیان مرصوص" کا نام دیا۔ اس کے بعد بھارت کو شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور اس نے سیز فائر کے لیے امریکا سے درخواست کی۔ تاہم بھارت نے اپنے نقصانات کو چھپانے کے لیے جھوٹے دعوے کیے، جنہیں عالمی سطح پر کوئی پذیرائی نہیں ملی۔