شکرگڑھ (رم نیوز)بابا گورونانک کی 486 ویں برسی کی تقریبات کا آج آخری روز ہے۔ اختتامی دعائیہ تقریب میں پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے دعائیں کی گئیں۔گزشتہ شام نگر کیرتن کا مرکزی جلوس دربار ٹرمینل سے زیرو لائن تک نکالا گیا، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے یاتریوں نے بھرپور شرکت کی۔ یاتریوں نے تین روز دربار کے مہمان خانوں میں قیام کیا اور دربار انتظامیہ و حکومت پاکستان کی جانب سے بہترین انتظامات کی تعریف کی۔
اس دوران یاتریوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے برسی کی تقریبات میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا۔ بھارتی سکھ یاتریوں کو کرتارپور جانے کی اجازت نہ دینے پر مشرقی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگوت مان سنگھ نے مودی سرکار کے خلاف پارلیمانی سطح پر احتجاج کیا تھا، تاہم بھارتی حکومت نے اپنے شہریوں کو مذہبی تقریب میں شرکت سے روک دیا۔