اسلام آباد/ لندن(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت، آئی ٹی، معدنیات، ٹورازم اور قابل تجدید توانائی جیسے اہم شعبوں میں بیرونی ممالک سے سرمایہ کاری کے امکانات ہیں، اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قابل عمل منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم اور اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطحی اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے کہ تمام اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دیا جائے تاکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔
وزیراعظم نے وزارتوں کو ہدایت دی کہ تمام زیر تکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ان منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے لیے ایک روڈ میپ اور تبدیلی کے ایجنڈے کی ضرورت ہے تاکہ اہداف کے حصول کی سمت واضح ہو سکے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے روڈ میپ میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہوگا اور ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے حکومت کی جاری معاشی اصلاحات کے حوالے سے کہا کہ ان اصلاحات نے معیشت کو نئی سمت دی ہے اور اس بدلے ہوئے ماحول کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اس اجلاس میں وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر تجارت جام کمال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے بھی شرکت کی۔