صدر مملکت اور وزیراعظم کی سعودی عرب کو قومی دن پر مبارکباد

اسلام آباد(رم نیوز )صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے، اور دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں موجود اسلام کے دو مقدس ترین مقامات، خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان روحانی رشتہ بھی نہایت گہرا ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی عکاس ہے اور یہ تعاون خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی معاون ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، اور سعودی عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حالیہ دورۂ ریاض کے دوران انہیں اور پاکستانی وفد کو جو پرتپاک خیرمقدم اور محبت بھری مہمان نوازی ملی، وہ دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، مشترکہ تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں اور یہ تعلقات آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوں گے۔وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج سعودی عرب عالمی برادری میں بصیرت، وژن اور ترقی کا استعارہ بن چکا ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا معاشی تعاون پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اور لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہوئے اس کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے اس دیرپا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو مزید ترقی، امن اور عظمت عطا فرمائے۔