پنجاب میں سیلاب سے تباہی، ملتان میں کروڑوں کی گندم ضائع

لاہور / ملتان / سکھر (رم نیوز) پنجاب میں شدید سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ ملتان میں پاسکو کے مراکز میں کروڑوں روپے مالیت کی گندم خراب ہو گئی، جب کہ اوچ شریف میں بیوہ خاتون چھ بچوں سمیت کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہے۔

اوچ شریف کی بستی کھوکھراں میں خاتون کا شوہر مویشی بچاتے ہوئے سیلاب میں ڈوب گیا، تمام سامان اور مویشی بہہ گئے۔پاسکو حکام کی مبینہ غفلت سے سیت پور میں گندم کی ہزاروں بوریاں پانی میں خراب ہو گئیں، حالانکہ پی ڈی ایم اے نے بروقت وارننگ جاری کی تھی۔

ادھر کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 76 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے، جب کہ دریائے ستلج اور دیگر مقامات پر بھی نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ منگلا ڈیم 98 فیصد بھر چکا ہے، صرف 2 فٹ گنجائش باقی ہے۔