پاکستان کا مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے پر خیرمقدم

نیویارک (رم نیوز)پاکستان نے فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، بیلجیئم اور پرتگال کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے 1988 میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کا قانونی حق ہے۔

اسحاق ڈار نے ان ممالک پر زور دیا جنہوں نے تاحال فلسطین کو تسلیم نہیں کیا کہ وہ بھی بین الاقوامی قانون کے تحت ایسا کریں۔نیویارک میں دو ریاستی حل پر فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ کانفرنس میں شرکت کے بعد اسحاق ڈار نے یہ موقف سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

علاوہ ازیں، اسحاق ڈار کی کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔