اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت 6 نئے پروگرامز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور آئی ٹی انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کا ہدف 25 ارب ڈالر ہے، جس میں 15 ارب ڈالر آئی ٹی ایکسپورٹ اور 10 ارب ڈالر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے حاصل کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے انٹرن شپ، بوٹ کیمپس، سرٹیفکیشن اور سافٹ اسکلز کے تربیتی پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں 2,700 نوجوانوں کو انٹرن شپ دی گئی، جب کہ مزید 9,000 انٹرن شپ اس سال دی جائیں گی۔ آئندہ تین سالوں میں 18,000 نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
"سرٹیفائی ٹو ایکسپورٹ" پروگرام کے تحت اب تک 40 کمپنیوں کو عالمی سرٹیفکیشن دلائی جا چکی ہے، اور مزید 50 کو شامل کیا جائے گا، جس سے یورپی مارکیٹ میں پاکستانی آئی ٹی برآمدات میں 15 سے 25 فیصد اضافے کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب آئی ٹی کمپنی کی رجسٹریشن صرف 9 منٹ میں مکمل کی جا سکتی ہے، اور انڈسٹری فیسلیٹیشن سینٹر کے ذریعے 24 گھنٹے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔