پشاور(رم نیوز)خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی حکومت پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں روزانہ جنازے اٹھ رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم شہری، بچے اور خواتین دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت اس سنگین مسئلے پر سرد مہری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بیرسٹر سیف نے افغانستان سے مذاکرات کو ضروری قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وفاق نہ خود بات کر رہا ہے اور نہ صوبے کو اجازت دے رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور امن و امان کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں اور قبائلی جرگے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں، لیکن وفاقی حکومت ان کوششوں کو سیاست کی نذر کر رہی ہے۔