وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی آج واشنگٹن میں اہم ملاقات

واشنگٹن (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی۔ امریکی انتظامیہ نے ملاقات کی تصدیق کر دی ہے۔ ملاقات مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے اوول آفس میں متوقع ہے۔

ملاقات میں عالمی و علاقائی امور، مسئلہ فلسطین، کشمیر، اور مسلم رہنماؤں کے حالیہ مشترکہ اعلامیے پر پیشرفت زیر بحث آئے گی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات میں شرکت کا بھی امکان ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر کی غیر رسمی ملاقات میں بھی شریک ہوئے، جہاں ٹرمپ اور شہباز شریف کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔

اس سے قبل وزیراعظم کی امیر قطر، اردن کے بادشاہ، انڈونیشیا کے صدر، چین کے وزیراعظم، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، کویت کے ولی عہد، آسٹریا کے چانسلر اور سری لنکا کے صدر سے بھی ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔