کراچی (رم نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کو انا کا مسئلہ بنا دیا گیا، حالانکہ عالمی برادری سے امداد حاصل کی جانی چاہیے تھی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو زرعی و موسمیاتی ایمرجنسی کے نفاذ اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بل معاف کرنے کی سفارش کی تھی، جس پر عملدرآمد پر وہ وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چھوٹے کسانوں کو ’بینظیر ہاری کارڈ‘ کے ذریعے امداد دے گی، جو ایک سے 25 ایکڑ تک زمین رکھتے ہیں۔ کسانوں کو ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی خریداری میں بھی مالی مدد دی جائے گی۔بلاول نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت اس زرعی پیکج میں سندھ کا ساتھ دے تو کسانوں کے لیے مزید ریلیف ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم درآمد کرنے کے بجائے ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے اپنے کسانوں پر وسائل خرچ کیے جائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ بروقت اقدامات سے نہ صرف کسانوں کی بحالی ممکن ہے بلکہ درآمدی اخراجات سے بھی بچا جا سکتا ہے، جو بالآخر قومی معیشت کے لیے سودمند ہوگا۔