بھارت دہشتگردی کی مالی و عسکری سرپرستی چھپا نہیں سکتا: پاکستانی ایلچی

نیویارک(رم نیوز)اقوامِ متحدہ میں پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کو پالیسی بنا چکا ہے اور وہ پاکستان میں دہشتگردوں کی مالی و عسکری حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو چھپا نہیں سکتا۔

صائمہ سلیم نے بھارتی مندوب کے بیانات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں ہزاروں معصوم شہریوں کی جانیں لی ہیں اور عبادت گاہوں، اسکولوں اور روزگار کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے 7 تا 10 مئی 2025 کے دوران بلاجواز جارحیت کی، جس میں بے گناہ مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے۔پاکستانی ایلچی نے بھارت پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، قبضے کی پالیسی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں نوابادیاتی منصوبہ بندی، جبری گمشدگیاں، اجتماعی قبریں اور منظم جنسی تشدد کی نشاندہی کی اور کہا کہ بھارت نے سندھ طاس/پا نی کے معاہدات کو بھی خطرے میں ڈالا ہے۔

صائمہ سلیم نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا آزاد، غیرجانبدار اور شفاف طور پر از سرِ نو جائزہ لیا جائے اور کشمیر کے عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور علاقائی استحکام چاہتا ہے مگر اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی پر جوابی اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔