کراچی(رم نیوز)دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ 24 گھنٹوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک ہو گیا ہے، جس سے ٹھٹہ، جامشورو، نواب شاہ اور سجاول کے کئی دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔سیلاب کے باعث چاول، کپاس، کیلے اور پپیتے سمیت ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں سے مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کئی مقامات پر خیمہ بستیاں قائم کر دی ہیں۔
دریائے چناب اور ستلج کے متاثرہ علاقوں میں بھی پانی کی صورتحال بدستور خراب ہے، جبکہ ملتان کی ایم 5 موٹر وے اور خانیوال-شورکوٹ ریلوے سیکشن 14 سے 20 روز بعد بھی بحال نہ ہو سکے۔وزیر تعمیرات و مواصلات کے مطابق 71 متاثرہ پلوں میں سے 53 اور 844 متاثرہ سڑکوں میں سے 636 کو مرمت کر کے بحال کر دیا گیا ہے۔ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔