مشی گن (رم نیوز)امریکی ریاست مشی گن کے قصبے گرینڈ بلینک میں اتوار کے روز چرچ آف جیسس کرائسٹ پر ایک مسلح شخص کی جانب سے کیے گئے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔حکام کے مطابق یہ واقعہ چرچ کی اتوار کی سروس کے دوران پیش آیا، جس میں سینکڑوں افراد شریک تھے۔ حملہ آور نے چرچ کی عمارت کو آگ بھی لگا دی، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
حکام نے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت 40 سالہ جیکب سینفورڈ کے طور پر ہوئی ہے، جو مشی گن کے شہر برٹن کا رہائشی تھا۔ حملے کے بعد پولیس نے اسے چرچ کی پارکنگ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔گرینڈ بلینک کے پولیس چیف ولیم رینے نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ابتدائی طور پر دو افراد گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے، تاہم ہلاکتوں کی تعداد اب چار تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ افراد کا اب بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔
پولیس حکام نے اس واقعے کو ایک "ٹارگٹڈ پر تشدد کارروائی" قرار دیا ہے، لیکن حملے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔حملے کی تفتیش کے لیے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے 100 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔