صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی:وزیر اعظم شہباز شریف

لندن(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حق میں مؤثر آواز بلند کی گئی، جبکہ بھارت کو بھرپور سفارتی اور سیاسی جواب دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے دفاع وطن میں غیر متزلزل عزم اور مہارت کا مظاہرہ کیا، جس سے دنیا پر واضح ہو گیا کہ پاکستان روایتی اور غیر روایتی جنگ میں مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث حالیہ سیلاب سے پنجاب میں شدید نقصان ہوا، ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں اور زراعت کو بھاری نقصان پہنچا۔ حکومت نقصان کے ازالے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور عوام کے حوصلے بلند ہیں۔